21 دسمبر 2012 - 20:30

پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملے کے نتیجے میں سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر احمد بلور جاں بحق ہو گئے / کالعدم تحریک طالبان کے ذمہ داری قبول کر لی / نمازجنازہ کل آرمی اسٹیڈیم میں ہو گی / نمازجنازہ کل آرمی اسٹیڈیم میں ہو گی۔

ابنا: پشاور سے ھمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق قصہ خوانی بازار کے قریب ڈھکی نعلبندی کے علاقے میں اے این پی کے اجلاس کے بعد بشیر بلور باہر آرہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں بشیر احمد بلور شدید زخمی ہوگئے تھے جبکہ ان کے پرسنل سیکریٹری نور محمد بابو اور ایس ایچ او تھانہ کابلی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ بشیر احمد بلورکو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں سے انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا، ان کے سینے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں تھی اور ان کا آپریشن کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہوگئے، خود کش حملےمیں 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور پر خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے تر جمان احسان اللہ احسان نے مختلف صحافیوں کوٹیلی فون کرکے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

یوں دہشت گردی کیخلاف جدوجہد کرنے والے بشیر احمد بلور خود بھی دہشت گردی کا نشانہ بن گئے۔ سینئر وزیر خیبرپختونخوا بشیر بلور کی شہادت کی اطلاع آتے ہی اسپتال میں موجود اے این پی کے کارکنوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور کارکنان دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملے میں 18 افرادبھی زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے اور اسپتال کا عملہ ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

نمازجنازہ کل آرمی اسٹیڈیم میں ہو گی  ذرائع کے مطابق بشیربلورکی نمازجنازہ کل دن 2بجے کرنل شیرخان آرمی اسٹیڈیم میں ادا کی جائیگی جبکہ بشیر بلورکی تدفین سید حسن پیر بادشاہ بیری باغ کے قبرستان میں ہوگی، ان کا جنازہ ان کے بڑے بھائی غلام احمد بلور کے گھر سے اٹھایا جائے گا۔دریں اثناء خودکش حملے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔بشیر بلور شہادت کے خواہش مندتھے ، غلام احمد بلورغلام احمد بلور نے کہا ہے کہ بشیر بلور ایک بہادر آدمی تھا، وہ شہادت کی خواہش رکھتا تھا، اکثر کہا کرتا تھا کہ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں ہو سکتی۔غلام بلور نے کہا کہ بشیر بلور کہتے تھے کہ سڑک پر سسک سسک کر مرنے سے بہتر ہے کہ شہادت کا رتبہ حاصل کیا جائے۔بشیر احمد بلور کا نقصان ملک وقوم کانقصان ہے،اسفند یار ولیعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بشیر بلور کے انتقال پر کہا ہے کہ بشیر احمد بلور کا نقصان ملک وقوم کانقصان ہے، انہوں نے بشیر بلور کے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے پر اپنے رد عمل میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں دہشتگردی کے مائنڈسیٹ سے مقابلہ کرنا ہے۔ اے این پی دھرتی کیلئے قربانیاں دے رہی ہے، تمام سیاسی قوتوں کو دہشتگردوں کیخلاف متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد فخر سے کہہ رہے ہیں کہ ہاں ہم دہشتگردی کے ذمہ دارہیں اور اس میں ملوث ہیں، ہمیں ان دہشت گردوں سے مذاکرات کر نے چاہئیں اگر وہ انکار کرتے ہیں تو پھر ان کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔بشیر بلور کی شہادت ملک کیلئے نقصان ہے،زاہد خان  عومی نیشنل پارٹی کے راہنما اور سینیٹر زاہد خان نے بشیر بلور کی شہادت ملک کیلئے نقصان ہے، طویل عرصے تک دہشتگردی کامقابلہ کرنیوالے بشیراحمدبلور دہشتگردی کا نشانہ بن گئے، اے این پی کے کارکن شدت غم سے نڈھال ہیں۔ زاہد خان نے بشیر بلور کے لئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر کی بھی دعا کی۔۔۔۔۔۔۔۔/110

۔۔۔۔۔۔۔۔/110